ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تاریخی تصویر شیئر کر راہل گاندھی نے پوچھا ’کیا ہندوستانی زمین پر چین نے قبضہ کیا ہے؟‘

تاریخی تصویر شیئر کر راہل گاندھی نے پوچھا ’کیا ہندوستانی زمین پر چین نے قبضہ کیا ہے؟‘

Tue, 23 Jun 2020 22:08:13    S.O. News Service

نئی دہلی،23؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس لیڈر راہل گاندھی ہندوستان اور چین کی فوج کے درمیان تصادم میں شہید ہوئے 20 ہندوستانی جوانوں کو لے کر لگاتار مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس تعلق سے وہ کئی طرح کے سوال بھی پوچھ رہے ہیں جس کا جواب حکومت نہیں دے رہی ہے۔ آج راہل گاندھی نے اپنے والد اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے ذریعہ کھینچی گئی ایک تاریخی تصویر اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کی ہے اور ساتھ ہی مودی حکومت کے سامنے ایک سوال رکھ دیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کیا ہے کہ "چینی حملہ کے خلاف ہم سب متحد کھڑے ہیں۔ کیا ہندوستانی زمین پر چین نے قبضہ کیا ہے؟"

اس سے قبل پیر کے روز راہل گاندھی نے چینی میڈیا میں شائع ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا کہ "چین نے ہمارے فوجیوں کو مار دیا۔ چین نے ہماری زمین ہضم کر لی۔ پھر چین اس ٹکراؤ کے دوران محترم مودی جی کی تعریف کیوں کر رہا ہے؟" اس سے پہلے بھی 21 جون کو راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو چین سرحد تنازعہ معاملہ پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انھوں نے پی ایم مودی پر حملہ آور ہوتے ہوئے ان کے اس بیان کو جھوٹا بتایا تھا جس میں پی ایم مودی نے کہا تھا کہ "نہ کوئی ملک میں گھسا، نہ ہی ہماری زمین پر کسی نے قبضہ کیا۔"

واضح رہے کہ گزشتہ 15 جون کو مشرقی لداخ واقع وادی گلوان میں چین کے پیپلز لبریشن آرمی کے فوجیوں کے ساتھ ہوئے پرتشدد تصادم میں ایک افسر سمیت 20 ہندوستانی جوان شہید ہو گئے تھے۔ اس وقت سے ہی اپوزیشن پارٹیاں لگاتار مرکزی حکومت پر حملہ آور ہے اور کئی طرح کے سوال اٹھا رہی ہیں۔


Share: